خواجہ آصف کا بھارت کو چیلنج: جنگ مسلط کی تو تاریخ یاد رکھے گی
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو پاکستان بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔ انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر فوجیں تعینات ہیں اور اگرچہ چند روز میں جنگ کا خطرہ موجود ہے، تاہم کشیدگی کم ہونے کا امکان بھی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے وضاحت کی کہ ان کی بات کو غلط طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ تین سے چار دن میں جنگ چھڑ جائے گی، بلکہ یہ بیان صرف بھارت کے ممکنہ اقدامات پر ردعمل تھا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو پاکستان کی تینوں مسلح افواج ہر لمحہ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت سے تحقیقات کی پیشکش کی گئی تھی، مگر بھارت کی جانب سے اس پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔ پاکستان کا مقصد اس معاملے میں بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرنا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں اور دونوں ممالک کی افواج سرحدوں پر تعینات کر دی گئی ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ایسا جواب دیا جائے گا جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، اور یہ میزائل ہم نے چوکوں میں سجانے کے لیے نہیں بنائے۔