کوئٹہ: بلوچستان میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیاں، کروڑوں کی برآمدی
کوئٹہ: محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انسداد منشیات کے حوالے سے کامیاب کارروائیاں کی ہیں، جن میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی ہیں۔انسدادِ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں میں پختہ چرس، آئس (شیشہ)، افیون اور ہیروئن شامل ہیں، جن کے باعث متعدد ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں اور ان کے خلاف درجنوں ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے پسنی میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 19 کلو آئس (شیشہ) برآمد کی۔جعفرآباد کی تحصیل ڈیرہ اللہ یار میں دو مختلف کارروائیوں میں 3 کلو 200 گرام پختہ چرس اور ایک کلو آئس قبضے میں لے لی گئی۔لسبیلہ، مستونگ، صحبت پور، پنگجور، سوراب، قلات، خضدار، اور ڈیرہ مراد جمالی میں ہونے والی کارروائیوں میں 30 کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی بھی ملوث فرد کو نہیں بخشا جائے گا۔