سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور اس کے مضافات میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن تھا جبکہ زیر زمین گہرائی 185 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ کیوں آتا ہے؟
اکثر ذہنوں میں یہ سوال ابھرتا ہے کہ زلزلہ آخر کیوں آتا ہے۔ ماہرین ارضیات کے مطابق زمین کے اندر موجود بڑی بڑی چٹانیں یا ارضیاتی پلیٹیں جب شدید دباؤ کی وجہ سے ٹوٹتی یا حرکت کرتی ہیں تو اس کا اثر زمین کی سطح پر ظاہر ہوتا ہے، جسے زلزلہ کہا جاتا ہے۔زلزلے کا زیر زمین مقام محور (Focus) کہلاتا ہے، جب کہ زمین پر محور کے عین اوپر والے مقام کو مرکز (Epicenter) کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق زلزلے کی توانائی تین اقسام کی لہروں کے ذریعے پھیلتی ہے، جنہیں پی ویوز (P-Waves)، ایس ویوز (S-Waves) اور ایل ویوز (L-Waves) کہا جاتا ہے۔ یہ لہریں محور سے چاروں طرف پھیلتی ہیں اور زمین کی سطح پر شدت اور تباہی کی سطح کو متعین کرتی ہیں۔
زلزلے سے ہونے والے نقصان کا انحصار اس کی شدت اور زیر زمین گہرائی پر ہوتا ہے۔ اگر زلزلے کی گہرائی کم ہو تو زمین پر اس کے اثرات زیادہ تباہ کن ثابت ہوتے ہیں۔