پاکستان اپنے آبی حقوق کا دفاع کرے گا،وزیرِ اعظم شہباز شریف

پاکستان اپنے آبی حقوق کا دفاع کرے گا،وزیرِ اعظم شہباز شریف

پاکستان اپنے آبی حقوق کا دفاع کرے گا،وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے اور اگر ایران اس حوالے سے کوئی کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس دوران انہوں نے بندرعباس کی شاہد رجائی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں پر پاکستان کا مؤقف بیان کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران خطے میں امن کے قیام کے لیے کوئی تعمیری کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو پاکستان اس کا خیرمقدم کرے گا۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد اور پہلگام واقعے میں پاکستان کے کسی بھی ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئی ہیں۔

اس دوران وزیرِ اعظم نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے فیصلے کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

وزیرِ اعظم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

ایرانی صدر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی یکجہتی کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو تہران کے دورے کی دعوت دی، جس پر وزیرِ اعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں