بھارت کی ایک اور سفارتی شکست، سلامتی کونسل میں پاکستان کا بڑا وار
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے ایک بار پھر سفارتی محاذ پر کامیابی حاصل کی جبکہ بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلگام حملے کی مذمت میں جاری بیان میں بھارت کی خواہش کے برعکس سخت زبان شامل نہ ہو سکی، جس پر بھارتی میڈیا شدید برہم ہے۔
سلامتی کونسل کا یہ بیان امریکا کی تجویز پر پیش ہوا تھا تاہم پاکستان کی مؤثر سفارتی حکمت عملی کے باعث متنازع الفاظ شامل نہ ہو سکے۔ نتیجتاً بیان میں “بھارت” کی بجائے “تمام متعلقہ حکام” کا لفظ استعمال کیا گیا۔
علاوہ ازیں پاکستان نے سفارتی کوششوں سے “جموں و کشمیر” کا ذکر بھی بیان میں شامل کرایا، جبکہ بھارت چاہتا تھا کہ صرف “پہلگام” کا ذکر ہو۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے حالیہ دنوں میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ خطے کی صورت حال پر گہری تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے اور دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔