کوئٹہ: مارگٹ میں دھماکا، ایف سی کے 4 اہلکار شہید، 3 زخمی
کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 4 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ایس ایچ او تھانہ ہنہ اوڑک نوید اختر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا۔شہید اہلکاروں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل اور سپاہی زاہد شامل ہیں، جبکہ لانس نائیک ظفر، لانس نائیک فاروق اور سپاہی خرم سلیم زخمیوں میں شامل ہیں۔دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی اضافی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 4 جوان شہید ہوئے۔صدر مملکت نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی دفاعِ وطن کے لیے خدمات کو سراہا۔صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔