کھاریاں میں عالمی جنگی مشق، پاک فوج اور 15 ممالک کی افواج کا زبردست مظاہرہ
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی نے ہمیشہ کردار، جرات اور مہارت جیسے اعلیٰ فوجی اوصاف کا عملی مظاہرہ کیا ہے، خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سپاہیوں نے غیرمعمولی حوصلہ اور قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آٹھویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (PATS) مشق کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ مشقیں 14 سے 18 اپریل 2025 تک کھاریاں گیریژن میں منعقد ہوئیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ PATS جیسے مقابلے افواج کو جدید جنگی تقاضوں کے مطابق تربیت اور آپس میں سیکھنے کا نادر موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مشق میں شریک تمام ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی استعداد اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ 60 گھنٹے پر مشتمل ایک سخت اور ہمہ جہت پٹرولنگ مشق تھی جس کا مقصد جنگی مہارتوں کے تبادلے اور پیشہ ورانہ تجربات کی شراکت کے ذریعے حربی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا تھا۔
مشق میں پاکستان آرمی کی 7 ٹیموں اور پاکستان نیوی کی ایک ٹیم سمیت 15 دوست ممالک کی افواج نے شرکت کی، جن میں چین، ترکیہ، امریکہ، سعودی عرب، نیپال، قطر، مراکش، مالدیپ، بحرین، بیلاروس، سری لنکا، اور ازبکستان شامل ہیں۔ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے نمائندے بطور مبصر شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، PATS وقت کے ساتھ ایک سنجیدہ، پیشہ ورانہ اور بین الاقوامی سطح پر معتبر فوجی مشق بن چکی ہے۔
تقریب کے آخر میں آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور شرکاء کو انعامات سے نوازا، جبکہ مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں اور بین الاقوامی مبصرین نے بھی اس پیشہ ورانہ مشق کے اعلیٰ معیار اور شاندار انتظامات کو سراہا۔