تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑی خوشخبری، بجٹ میں تنخواہیں بڑھانے کا اعلان
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے اور بجلی کے بلوں سے پریشان عوام کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں واضح ریلیف دیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے انکشاف کیا کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے مکمل پلان تیار کرلیا گیا ہے جسے آئی ایم ایف کو بھی پیش کیا جائے گا، جبکہ بجلی کے بلوں میں جولائی سے پہلے نمایاں کمی کی کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے تمام اہداف مکمل کر لیے گئے ہیں، سٹاف لیول معاہدے کی منظوری مئی میں متوقع ہے، جس کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کے فنڈز بھی ملیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عوامی بجٹ کی تیاری کے لیے نجی اور سرکاری شعبوں سے 98 فیصد تجاویز موصول ہو چکی ہیں، اور یکم جولائی سے بجٹ نافذ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب کی بار بجٹ میں عملدرآمد میں کوئی تاخیر نہیں ہو گی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ٹیکس نظام کو آسان اور سادہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ہر فرد خود فارم بھر سکے۔ ٹیکس پالیسی اب وزارت خزانہ کے ماتحت کام کرے گی، اور تاجر دوست اسکیم کو ٹیکس وصولی کے ساتھ جوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔