کوئٹہ لرز اٹھا! پولیس موبائل کے قریب زوردار دھماکہ
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر دھماکا میں 2افراد جاں بحق اور 17زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ میں ڈبل روڈ پرپولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے ہوا ہے، جس میں 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق بم دھماکے میں2افراد جاں بحق اور 17زخمی ہوئے،جاں بحق ہونے والوں میں جبار اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے،جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں سول ہسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ دھماکے میں زخمی 17افراد کو ٹراما سنٹر پہنچا دیاگیا،،زخمیوں میں 2بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکے میں ایک گاڑی اور موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا،ترجمان بلوچستان حکومت کاکہنا ہے کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے،ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پرفائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین اور قرارواقعی سزایقینی بنانیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندعناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔
کوئٹہ دھماکہ: صدر مملکت کی مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس
کوئٹہ کے ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اس قسم کی مذموم کارروائیاں دہشت گردوں کے مکروہ عزائم کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔صدر مملکت نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔