وزیراعلیٰ بلوچستان کا دہشتگردوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا اعلان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، لیکن ہم پوری طاقت سے ہارڈ کور دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑیں گے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاس میں گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں 28 محکموں کے 428 ملازمین کی دہری ملازمت کا انکشاف ہوا، جس پر وزیراعلیٰ نے فوری کارروائی اور ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔
سیکریٹری ایکسائز نے اجلاس میں 9,882 سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ پیش کیا، کئی افسران تبادلوں کے باوجود گاڑیاں واپس نہیں کر رہے۔ وزیراعلیٰ نے ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بیڈ گورننس دہشتگردی کو فروغ دیتی ہے اور گڈ گورننس ہی شہریوں کا اعتماد بحال کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو افسران کام نہیں کرتے، انہیں جبری ریٹائرمنٹ دی جا سکتی ہے۔ سرکاری وسائل کا درست استعمال عوام کی فلاح کے لیے ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں کے ایجنڈے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ریاستی بیانیے کے خلاف کوئی بھی افسر یا اہلکار کام نہیں کر سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف بھرپور طاقت سے جنگ لڑی جائے گی، اور کوئی بھی سرکاری اہلکار دہشتگردوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔