ریئل اسٹیٹ کیلئے اچھی خبر آئی ایم ایف نے ٹیکس کم کر دیا
اسلام آباد: انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے ایف بی آر کی درخواست پر پراپرٹی کی خریداری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں 2 فیصد کمی کی منظوری دے دی، جس کا اطلاق اپریل 2025 سے ہوگا۔ تاہم، یہ رعایت صرف خریداروں کو دی گئی ہے، جبکہ فروخت کنندگان پر ٹیکس کی شرح برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق، سندھ اور پنجاب میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی شکایات کے بعد حکومت نے یہ قدم اٹھایا، جس کے تحت ابتدائی الاٹمنٹ پر رجسٹریشن کے دوران دوگنا ٹیکس کا مسئلہ درپیش تھا۔ مزید برآں، آئی ایم ایف نے پراپرٹی خریداروں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کم کرنے کی بھی رضامندی ظاہر کی ہے، لیکن فروخت کنندگان پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف نے رواں ماہ کا ٹیکس ہدف بھی 60 ارب روپے کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس سے معیشت پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔