سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی وزیر سرمایہ کاری عزت مآب خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کے سربراہ محمد التویجری سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو تیزی سے عملی جامہ پہنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور ملک کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور اسٹریٹجک محلِ وقوع کو اجاگر کیا۔
انہوں نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کی استعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے سعودی کاروباری اداروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور ان پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مشترکہ منصوبوں پر فوری عمل درآمد سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور نیشنل کوآرڈینیٹر SIFC لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد شریک تھے۔
سعودی وفد میں سعودی وزارت سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے قائم مشترکہ ٹاسک فورس کے نمائندے شامل تھے۔ اس ملاقات کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔