صدر مملکت آصف علی زرداری ایک روزہ اہم دورے پرکوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو بلوچستان کی امن وامان سمیت مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
صدر مملکت سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ اور عمائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد گزشتہ روز قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اِن کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ کرلیا۔
ملکی سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس آج اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جو 6 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ پیش کیا، جس کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی نے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
کمیٹی نے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے انعقاد میں سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں میں ختم کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔