ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ
ٹانک: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں 19 مارچ کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، کوڑ قلعہ، خرگئی، منزئی، کڑی وام اور جنڈولہ میں کرفیو نافذ ہوگا، جبکہ کوڑ قلعہ سے گومل زام ڈیم کے راستے وانا جانے والا راستہ کھلا رہے گا۔ سیکیورٹی فورسز کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ نے اپر جنوبی وزیرستان کے کئی علاقوں میں بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، عزیز آباد چوک، سروکئی، جنڈولہ، کوڑھ فورٹ، ڈبرہ، سپین مسجد، آسمان منزہ، لدھا، مکین، رزمک، گردئی اور خرشین سمیت دیگر علاقوں میں بھی کرفیو لگایا جائے گا۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں اور حکام سے مکمل تعاون کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔