پیٹرول 8 اور ڈیزل 12 روپے سستا؟ عوام کیلئے خوشخبری
اسلام آباد: چیئرمین او ایم پی اے طارق وزیر علی نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔
ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے طارق وزیر علی نے بتایا کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز) آئل ریفائنری سے تیل خریدتی ہیں اور جتنا مٹیریل لیا جاتا ہے، اس کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ تاہم، اس بار تمام ریفائنریز نے اوگرا کو تجویز دی ہے کہ تیل کے خریداری کے نظام کو تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اگر کوئی او ایم سی مختص کردہ کوٹہ کے مطابق تیل نہیں خریدتی، تو بھی اسے ادائیگی کرنا ہوگی۔ اس نئی تجویز کے تحت، ریفائنریز کو یقین دہانی کرائی جائے گی کہ ان کا تیار کردہ مٹیریل فروخت ہوگا۔
طارق وزیر علی کا کہنا تھا کہ تیل کی خریداری کا یہ نیا نظام صارفین پر براہ راست اثر نہیں ڈالے گا، بلکہ قیمتوں میں کمی یا اضافہ کا دار و مدار حکومتی پالیسی پر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوتی ہے، تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہو سکتی ہیں، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔