انسانی اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگا! شہباز شریف کا دوٹوک عزم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے کاروبار کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جرم میں ملوث عناصر پاکستان کی بدنامی اور معصوم جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار ہیں۔
وزیراعظم نے بدنامِ زمانہ “ججا گینگ” کے سرغنہ عثمان ججا کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر افسر و اہلکار کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
“انسانی اسمگلرز کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا”
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کا دھندا پاکستان کے عالمی تشخص کو نقصان پہنچا رہا ہے اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث ہر فرد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
انہوں نے ججا گینگ کی گرفتاری کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مجرمانہ گروہ کئی بے گناہ جانوں کے ضیاع کا سبب بنا، خاص طور پر یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں میں شامل تھا۔
“ججا گینگ کے خلاف زبردست کارروائی، ریاست کا ٹھوس پیغام”
وزیراعظم کو ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ بدنامِ زمانہ اسمگلر عثمان ججا سیالکوٹ جیل سے فرار ہو کر گلگت بلتستان میں روپوش تھا، جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔
“یونان کشتی حادثے کا گھناؤنا کردار پکڑا گیا!”
واضح رہے کہ عثمان ججا 14 دسمبر 2024 کو پیش آنے والے یونان کشتی حادثے کے دوران 40 پاکستانیوں کی ہلاکت میں مرکزی ملزم تھا۔ حادثے کے وقت وہ سیالکوٹ جیل میں قید تھا لیکن بعد میں فرار ہو کر گلگت بلتستان میں چھپ گیا تھا۔
قوم انسانی اسمگلنگ کے خلاف اداروں کے ساتھ کھڑی ہے!
وزیراعظم نے کہا کہ “پاکستان کو عالمی سطح پر باعزت مقام دلانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا” اور ریاستی اداروں کو ہدایت دی کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے۔