بلوچستان میں دہشت گردوں کا وار، دالبندین روڈ پر دھماکے سے قیامت برپا
نوشکی: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دالبندین روڈ پر خوفناک دھماکہ ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بلوچستان حکومت کا سخت ردعمل، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا اعلان
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔
ملک دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی، محسن نقوی کی مذمت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوشکی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے اور دہشت گرد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں، لیکن ایسی کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔
سیکیورٹی ہائی الرٹ، آپریشن جاری
واقعے کے بعد نوشکی میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ذمہ داروں کو جلد از جلد پکڑا جا سکے۔ حکام کے مطابق، ملک دشمن عناصر کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔