دشمن عناصر بلوچستان کا امن تباہ نہیں کر سکتے،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردانہ حملے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے واقعے کی تفصیلات پیش کیں۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ایک انچ زمین پر بھی قابض نہیں رہ سکتے اور ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں کا مقصد پرتشدد ماحول کا تاثر قائم کرنا ہے، مگر پاکستان کے دشمن عناصر اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک دشمن عناصر کا پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہر طرح کی کنفیوژن سے نکل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنی ہوگی، تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ دشمن عناصر بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے اور ان کی تمام کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی اداروں کو عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ جعفر ایکسپریس حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، آئی جی ریلوے پولیس رائے طاہر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔