بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر ٹیم پورے 50 اوورز کھیلنے میں ناکام رہی، اور 49.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جبکہ جواب میں بھارت نے ہدف 42.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بھارت کی اننگز
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 100 رنز اسکور کیے اور ناقابل شکست رہے، اس کے علاوہ شمبن گل 46، روہت شرما 20 اور شریاس ایئر نے 56 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد اور خوشدل شاہ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی اننگز
پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب بابر اعظم 23 رنز بناکر ہاردیک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 41 تھا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد امام الحق 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو تیسرا نقصان 151 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب کپتان محمد رضوان 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے 77 گیندوں پر 46 رنز اسکور کیے۔ اس کے بعد 159 کے مجموعی اسکور پر 62 رنز بنا کر سعود شکیل بھی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 165 کے مجموعی اسکور پر گری جب طیب طاہر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد 200 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب نائب کپتان سلمان علی آغاز 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ 200 کے مجموعے پر ہی شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد نسیم شاہ 222 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔241 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی نویں وکٹ گری جب حارث رؤف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ خوشدل شاہ بھی 38 رنز بناکر 50ویں اوور کی چوتھی بال پر آؤٹ ہوگئے۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ہاردک پانڈیا 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ اجے جڈیجا، ہرشیت رانا اور اکثر پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان کی جگہ امام الحق کو شامل کیا گیا تھا جبکہ بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم اس میچ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی اور اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجائیں گے۔

دوسری طرف بھارتی کپتان روہت شرما نے کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹاس جیتنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ اگر ٹاس جیت بھی جاتے تو بولنگ ہی کرتے۔

پاکستان پلیئنگ الیون: بابراعظم ، امام الحق ، سعود شکیل ، محمد رضوان، آغا سلمان، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد ، نسیم شاہ ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف۔

انڈیا پلیئنگ الیون: روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول ، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، ہرشیت رانا، محمد شامی اور کلدیپ یادو۔

واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے اصرار کرکے اپنے میچز پاکستان کے بجائے دبئی کے نیوٹرل وینیو میں رکھے جبکہ اس بین الاقوامی ایونٹ کے دوسرے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہورہے ہیں۔ اس سے قبل 2017 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی پاکستان نے جیتی تھی۔

پاکستان کو ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں ٹیم کے سب سے اہم بلے باز فخر زمان سے اس وقت محروم ہونا پڑا جب وہ انجری کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے۔ کرکٹ کے مبصرین کے نزدیک فخر زمان کے ٹیم میں نہ ہونے کا پاکستان کی بلے بازی پر اثر پڑسکتا ہے۔

دوسری طرف اس ایونٹ میں بھارت کو فیورٹ ٹیم قرار دیا جارہا ہے، جو 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی کے بعد سے اب تک پاکستان سے ہونے والے 6 میں سے 5 میچز میں فاتح رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں