تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں، حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے، قیصر احمد شیخ
وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں۔ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے تعلیمی ترقی کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور موجودہ حکومت اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے چنیوٹ اسلامیہ سکول آف کالج فیصل آباد کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ادارے کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے چنیوٹ اور کراچی میں میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا اور بتایا کہ میری ٹائم یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کی 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے، جو ملکی معیشت میں نمایاں بہتری لا رہی ہے۔ انہوں نے “اُڑان پاکستان” منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملکی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور عالمی کمپنیاں پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہیں۔
گوادر بندرگاہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اسے عالمی تجارت کا اہم گیٹ وے قرار دیا اور کہا کہ سینٹرل ایشیائی ممالک بھی اپنی تجارت کے لیے پاکستان کے سمندری راستوں کو استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پورٹ قاسم نے گزشتہ سال 42 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی، جو ملکی معیشت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
وفاقی وزیر نے چنیوٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ کے مخیر حضرات تعلیمی اداروں اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، جو ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔
تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور سرٹیفکیٹس دیے، قرآن کریم حفظ کرنے والے 11 بچوں کی دستار بندی اور 3 بچیوں کی ڈوپٹہ پوشی بھی کی۔ اس موقع پر سکول کے طلبہ نے رنگا رنگ ٹیبلو پیش کیے جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی شو کا اہتمام بھی کیا گیا، جسے وفاقی وزیر نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر چنیوٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے صدر قمر صدیق، جنرل سیکرٹری میاں شفیق احمد، فنانس سیکرٹری میاں زاہد محمود، سکول کی پرنسپل میڈم نائلہ افتخار، وائس پرنسپل شازیہ علی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔