ملک میں گرین ڈیٹا سینٹرز کے قیام کیلئے کوشاں ہیں، وزیرِاعظم
اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کونسل کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومتی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیرِاعظم نے اجلاس میں شریک کونسل ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ “معاشی استحکام کسی فرد واحد کی نہیں، بلکہ پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے” اور حکومت معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے مزید محنت کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
شرکاء نے اجلاس میں پاکستان کی معیشت کو “مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث قیمتوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے، جس سے پیداوار میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ادارہ جاتی اصلاحات پر سنجیدگی سے عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔ عالمی معاشی ادارے، کاروباری برادری اور سرمایہ کار بھی حکومتی ایکشن پلان کو تسلیم کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اقتصادی مشاورتی کونسل کے ممبران کے ساتھ مل کر ان تجاویز پر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کریں تاکہ معیشت کی مزید بہتری اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔