جدہ میں 'میڈ ان پاکستان' نمائش، پاک-سعودی تجارتی دور کا آغاز

جدہ میں ‘میڈ ان پاکستان’ نمائش، پاک-سعودی تجارتی دور کا آغاز

جدہ میں ‘میڈ ان پاکستان’ نمائش، پاک-سعودی تجارتی دور کا آغاز

جدہ کے انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ ایونٹس سینٹر میں پاکستان کی پہلی سنگل کنٹری ایگزبیشن ’میڈ اِن پاکستان‘ اور بزنس فورم کا انعقاد ہوا جو تین دن تک جاری رہے گا۔

سعودی عرب کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم المبارک، پاکستان کے وزیر تجارت کمال خان، سعودی جنرل فارن ٹریڈ اتھارٹی کے ڈپٹی گورنرعبدالعزیز السکران، فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے صدر حسن معجب الحویزی اور سفیر پاکستان احمد فاروق نے بدھ کو الیکڑانک بٹن دبا کر ایگزیبیشن کا افتتاح کیا۔

قبل ازیں تقریب کے افتتاحی خطاب میں پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے کہا کہ ’نمائش میں سب کا خیر مقدم کرنا میرے لیے اعزاز کی بات کی بات ہے۔‘
’یہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کا جشن ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کےلیے ہماری قیادت کے مشترکہ وژن کا ثبوت ہے۔‘

سفیر احمد فاروق کا کہنا تھا ’پاکستانی کمپنیاں ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، مشینری، تعمیراتی میٹریل، سرجیکل آلات، سپورٹس پراڈکٹس کے ساتھ شریک ہیں۔ یہ نمائش سعودی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا ’سعودی عرب ہمیشہ سے ایک قابل اعتماد شراکت دار اور پاکستان کا اہم تجارتی حلیف رہا ہے۔ سعودی قیادت میں مملکت غیر معمولی معاشی تبدیلی کا مشاہدہ کر رہی ہے۔

پاکستان اپنی سکلڈ فورس، ڈائنامک انڈسٹریز اور مسابقتی مصنوعات کے ساتھ اس سفر میں حصہ ڈالنے اور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔‘
احمد فاروق کا کہنا تھا ’یہ نمائش محض ایک تجارتی تقریب نہیں بلکہ یہ دو معیشتوں کے درمیان ایک پل ہے۔ یہ پاکستانی اور سعودی کاروباری افراد کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں، سٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھائیں اور سعودی وژن 2030 میں اپنا کردار ادا کریں۔‘

Author

اپنا تبصرہ لکھیں