تتلیاں کیوں اہم ہیں؟
ہم جانتے ہیں کہ قدرت نے ہر چیز کسی مقصد کے تحت پیدا کی ہے۔ تو کیا تتلیاں صرف بچوں کے پکڑنے کیلئے تخلیق کی گئی ہیں؟ تتلیوں کی کیا اہمیت ہے؟ مختصراً پاکستان کے حوالے سے جاننے کی کوشش کرتے ہیں:
1. تتلیاں بلاشبہ حشرات میں سب سے خوبصورت گروپ ہیں۔ انکے رنگین پنکھوں کا ذکر شاعری، آرٹ اور لٹریچر میں بکثرت ہوتا ہے۔ تتلیوں کی موجودگی ہمارے ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے۔
2. تتلیوں کی بہتات ایک صحت مند ایکو سِسٹم کی سب سے نمایاں خصوصیت سمجھی جاتی ہے۔ اگر ایک جگہ تتلیوں کی تعداد اور تنوع دیکھنے کو مل رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہاں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات فی الحال کم سے کم ہیں۔
3. تتلیاں ماحولیاتی تبدیلی کے سب سے بڑے نشاندہ کے طور پر جانی جاتی ہیں، یعنی اگر آپ اپنے علاقے میں تتلیوں کی تعداد میں تیزی سے کمی مشاہدہ کر رہے ہیں تو اس کا صاف مطلب ہے کہ وہاں کے قدرتی ماحول کیلئے خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے۔
4. تتلیوں کی عمومی خوراک پھولوں کا رس ہے۔ یہ ایک سے دوسرے پھول پر جاتے ہوئے پولن کو بھی ایک پھول کے نر اعضاء سے دوسرے پھول کے مادہ اعضاء منتقل کرتے ہیں اور خوراک کے بدلے پودوں کی نسل آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس عمل کو پولی نیشن کہتے ہیں۔
5. قدرت نے ہر جاندار کی تعداد کو ایک خاص تناسب میں رکھنے کیلئے ایسا نظام بنایا ہے کہ ایک جاندار دوسرے کی خوراک بنتا ہے اور دوسرا تیسرے کی۔ اس نظام کو غذائی زنجیر کہتے ہیں. تتلیاں بھی بہت سے پرندوں، شکاری کیڑوں، خزندوں وغیرہ کی خوراک بن کر اس فوڈ چین میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔
6. پاکستان میں تتلیوں کی 13 انواع ایسی ہیں جو دنیا کے کسی دوسرے ملک میں نہیں پائی جاتیں۔ یہ کہلاتی ہیں جو کہ ہمارا قدرتی ورثہ ہیں۔ ان تتلیوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے زیرِ اثر شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ پاکستان بٹرفلائی سوسائٹی بالخصوص ہماری تتلیوں کو ناپید ہونے سے بچانے کیلئے پُرعزم ہے تا کہ ہماری آئندہ نسلیں بھی انکی خوب صورتی سے لطف اندوز ہو سکیں جو کہ قدرت نے صرف ہمیں عطاء کی ہیں اور یہ پوری دنیا میں کسی دوسرے ملک کے حصے میں نہین آئیں۔
7- پاکستان دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تباہی کے منفی اثرات سے دوچار بدترین ممالک میں شامل ہے۔ آبادی میں اضافہ، شہروں کا پھیلاؤ اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی، آبی اور فضائی آلودگی وغیرہ سے ہمارے ماحول پر جو منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ان کا سب سے پہلا شکار تتلیاں بنتی ہیں۔
8. پاکستان بٹرفلائی سوسائٹی پاکستان میں پائی جانے والی تمام تتلیوں کے تحفظ پر کام کرنے کیلئے بنائی گئی ہے۔ سب سے پہلا قدم تتلیوں کی اہمیت کو سمجھنا اور اجاگر کرنا اور اپنے اپنے علاقوں میں تتلیوں کی تعداد اور تنوع کا مطالعہ کرنا ہے