بلوچستان،شدید بارشوں کی پیشنگوئی، گوادر ،پسنی ،جیوانی متاثر ہونےکا امکان
گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں انتہائی غیر معمولی طور پر ریکارڈ بریکنگ شدید طوفانی بارشیں ریکارڈ کی گئی جس سے بدترین صورتحال پیدا ہو گئی۔تازہ ترین صورتحال کے مطابق ہوا کا کم دباؤ (ایکسٹرا ٹروپیکل سٹورم) اس وقت ایران کے اوپر پہنچ چکا ہے جبکہ اس سے منسلک ٹرف بلوچستان کی ساحلی پٹی کو متاثر کررہی ہے جس کے سبب گوادر، جیوانی، پسنی اور اورماڑا میں صبح سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض مقامات پر بارش کے مقدار 50 میٹر سے زائد ہوچکی ہے۔کراچی میں اس مغربی سلسلے کے ہلکے اثرات بادلوں کی صورت میں نظر آنا شروع ہوچکے ہیں۔آنے والے گھنٹوں کے دوران یہ مغربی ہوا کا کم دباؤ مزید شمال مشرق کی جانب بڑھ سکتا ہے جبکہ اس سے منسلک ٹرف مشرق یعنی سندھ کی جانب بڑھے گی۔
اس وقت ایک طاقتور اینٹی سائیکلون یعنی ہائی پریشر بھارت کے اوپر موجود ہے جس کے سبب ہائی پریشر اور لو پریشر میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔کراچی میں آج بھی موسم گرم ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔آنے والے گھنٹوں کے دوران مغربی ہواؤں کا جھکاؤ مزید جنوب کی جانب ہوگا جس کے سبب امید ہے کہ اینٹی سائکلون کو مات ہوجائے گی اور اس سے منسلک خشک ہوائیں پیچھے ہوتی جائیں گی۔اس دوران کراچی میں بادلوں کی آمد میں اضافہ ہوگا اور بالائی سطح پر موسمی صورتحال بھی غیر مستحکم ہونا شروع ہوجائے گی۔
کراچی کے مغرب میں اس وقت بھی گرج چمک کے سلسلے اورماڑا کے اوپر موجود ہیں تاہم مذکورہ اینٹی سائیکلون کے سبب یہ سلسلے وہیں پر تھمے ہوئے ہیں تاہم جیسا کہ بتایا گیا ہے کہ اینٹی سائکلون آج شام یا رات سے پیچھے کھسکنا شروع ہوجائے گا جس کے سبب ان موسمی سرگرمیوں میں تیزی متوقع ہے جو ٹرف کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنا شروع ہونگی۔
کراچی کے نزدیک بحیرہ عرب میں ایک ورٹکس یعنی زمینی سطح پر سرکولیشن تشکیل پاسکتی ہے جس کے سبب آج دیر رات یا کل صبح گرج چمک کے بہترین سلسلے تشکیل پائیں گےجس کے سبب شہر کے بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش متوقع ہے۔بارشوں کا دورانیہ دو سے چار گھنٹوں پر مبنی ہوسکتا ہے جبکہ اس کی نوعیت شہر کے شمالی، جنوبی اور مغربی علاقوں میں نسبتا زیادہ دیکھی جاسکتی ہے جن میں بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی ہاکس بے، وے سی ویو، کلفٹن، ڈفینس، صدر، شیر شاہ، ماڑی پور، منوڑا، کورنگی، لانڈھی، نارتھ کراچی، گڈاپ ٹاؤن، نیا ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار، بحریہ ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد، نیو کراچی، صائمہ عربین ولاز اور بہادرآباد شامل ہیں۔اس دوران بحیرہ عرب سے بھرپور نم آلود ہوائیں اس سسٹم کو مدد فراہم کریں گی اور ماحولیاتی حالات غیر مستحکم ہونے اور کیپ انڈیکس میں اضافے کے باعث ایک بار پھر گرج چمک شہر میں زیادہ دیکھی جاسکتی ہے جس کے سبب شہر کے مضافاتی حصوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں لہذا درختوں، کھمبوں اور پول سے دور رہیں۔
کراچی شہر میں دبئی یا شارجہ طرز کی ڈیڑھ سو سے دو سو ملی میٹر والی شدید طوفانی بارشیں متوقع نہیں ہیں لہذا بے بنیاد سنسنی خیز خبروں اور افواہوں سے دور رہیں اور مستند موسم کا حال جاننے کے لیے ہمیں لمحہ بہ لمحہ فالو کرتے رہیں