موٹروے پولیس اور محکمہ کسٹم اسمگلنگ کیخلاف مشترکہ کارروائیاں کریں گے، مفاہمتی یاداشت پر دستخط
قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کیلئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور پاکستان کسٹمز نے باہمی اشتراک سے نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے کے لئے ایک مفاہمت کی یادواشت پر دستخط کئے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (آپریشنز) سعد اختر بھروانہ اور پاکستان کسٹمز سے عائشہ بشیروانی نے سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ انسپکٹر جنرل، سلمان چوہدری، ممبر کسٹمز (آپریشنز) ڈاکٹر فرید اقبال قریشی اور دونوں اداروں کے اعلی عہدیدران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمت پر دستخط کا بنیادی مقصد موٹرویز اور ہائی ویز کے ذریعے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور اسمگل شدہ سامان کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنا ہے۔مفاہمت کے مطابق اسمگل شدہ گاڑیوں اور سامان کی روک تھام اور موثر چیکنگ کیلئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور پاکستان کسٹمز ایک دوسرے
کے ساتھ باہمی تعاون اور پیشہ وارانہ امور کو مزید فروغ دیں گے۔ دونوں ادارے اپنے اپنے وضح کردہ قوانین کی روشنی میں جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ موٹرویز کے داخلی اور خارجی مقامات پر کسی بھی قسم کی کارروائی کرنا مقصود ہو تو نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000کی روشنی میں کی جائے گی۔ مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کسٹمز موٹرویز پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس مشترکہ طور پر کارروائی کریں گے
کسی بھی کارروائی کی پیشگی اطلاع موٹروے پولیس حکام کو بروقت دی جائے گی۔۔ اگر موٹریز پر کوئی کارروائی کرنا مقصود ہوتو پاکستان کسٹمز ٹول پلازوں، ریسٹ ایریاز اور و ہے اسٹیشنز پر مستقل ناکہ بندی نہیں کریں گے۔ کسٹم حکام اپنے اہلکاروں اور گاڑیوں کی تعیناتی موٹروے پولیس کے تعاون کے ساتھ کر سکیں گے۔ معلومات کے بروقت اور موثر تبادلے کیلئے دونوں اداروں کی طرف سے فوکل پرسن بھی نامز دکئے جائیں گے۔ دونوں ادارے باہمی اشتراک سے افسران کی استعداد کار میں اضافے کیلئے تربیتی سیشنز کا باقاعدہ انعقاد کریں گے۔