نوشکی: ٹرک اڈے پر آئل ٹینکر میں دھماکہ، 40 سے زائد افراد زخمی
نوشکی (نمائندہ خصوصی) — بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ٹرک اڈے کے قریب آگ لگنے کے بعد تیل سے بھرے ایک آئل ٹینکر میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کی ٹینکی میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی تھی۔ دھماکے کے دوران قریبی موجود فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں سے شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور جائے وقوع پر موجود چار پولیس اہلکار بھی جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، جبکہ آئل ٹینکر کے قریب موجود متعدد افراد 70 سے 80 فیصد تک جھلس چکے ہیں۔واقعے کے بعد ٹرک اڈے اور ارد گرد کے علاقے میں ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ متاثرہ مقام کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔