سیاسی مسائل کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں جے یو آئی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری سمیت دیگر سینئر رہنما شامل تھے۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، سیاسی ماحول اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے جاری دھرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے وفد نے موجودہ سیاسی کشیدگی کو ختم کرنے اور بی این پی کے دھرنے کے حوالے سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جے یو آئی (ف) کے وفد کو حکومت کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام صرف حکومت کی ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام چاہے حکومت کا حصہ رہی ہو یا اپوزیشن میں، ہمیشہ ایک ذمہ دار سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئی ہے اور صوبے کے لیے مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سیاسی مسائل کا حل سیاسی مشاورت کے ذریعے نکالنے کی حامی ہے، کیونکہ جمہوری نظام میں بات چیت ہی واحد راستہ ہے جو مسائل کے مستقل حل کی ضمانت دیتا ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے بلوچستان میں امن، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔