گوادر، بس سے اتار کر 6 مسافروں کا قتل

گوادر، بس سے اتار کر 6 مسافروں کا قتل

گوادر، بس سے اتار کر 6 مسافروں کا قتل

بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے کلمت میں نامعلوم مسلح افراد نے بس روک کر مسافروں کو اتارنے کے بعد ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک شخص کا تعلق ملتان سے بتایا جا رہا ہے، اور تمام مسافر کراچی جا رہے تھے۔یہ واقعہ چند روز قبل منگچر میں پیش آنے والے اسی نوعیت کے حملے کے بعد رونما ہوا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ٹیوب ویل پر کام کرنے والے 4 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب کے ضلع صادق آباد سے تھا۔حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی گوادر فائرنگ واقعے کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوادر کے علاقے کلمت میں بس سے اتار کر مسافروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور بلوچستان کی خوشحالی کے دشمن ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ صوبہ ترقی کرے۔صدر مملکت نے حملے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیرِاعظم کی کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کی مذمت، تحقیقات کا حکم
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر اور بلندی درجات کی دعا کی۔وزیرِاعظم نے زخمی فرد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور قرار واقعی سزا یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، اور ان کی معصوم شہریوں کے خلاف بزدلانہ کارروائیاں ان کی حیوانیت کی عکاسی کرتی ہیں۔ وزیرِاعظم نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیرِاعظم نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جوان دن رات دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں، اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کی مذمت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوادر کے علاقے کلمت میں بس سے اتار کر مسافروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، اور بے گناہ افراد کا ناحق قتل ایک انسانیت سوز جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شناخت کر کے مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی بربریت اور درندگی کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور قوم دہشت گردی کے خلاف پختہ عزم کے ساتھ کھڑی ہے، اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے کمزور نہیں کر سکتیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں