بلوچستان یونیورسٹی غیر معینہ مدت تک بند، تعلیمی سرگرمیاں آن لائن منتقل
کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی کی انتظامیہ نے جامعہ کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے رجسٹرار بلوچستان یونیورسٹی کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق جامعہ بلوچستان سمیت تمام کیمپسز اپنی تعلیمی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھیں گے۔ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کو تمام ڈیٹا فوری طور پر آن لائن منتقل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، یونیورسٹی کے ڈین اور ڈائریکٹرز کو رجسٹرار آفس میں ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ یونیورسٹی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنے دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں۔
یہ اقدام یونیورسٹی کی انتظامی بہتری اور تعلیمی نظام کو جاری رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کو آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔