ژوب ہائی وے پر حادثہ، مشتعل افراد نے بس کو آگ لگا دی
شیرانی (نامہ نگار)ضلع شیرانی میں ژوب ڈی آئی خان نیشنل ہائی وے پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار مسافر بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا، جسکے نتیجے میں مشتعل ہجوم نے اسی مسافر بس کو آگ لگا دی۔لیویز ذرائع کے مطابق یہ واقعہ دہانہ سر کے قریب پیش آیا، جہاں کوئٹہ سے اسلام آباد جانیوالی بس نے ایک موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کی خبر سنتے ہی قریبی علاقوں سے لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوگئے
اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مشتعل افراد نے بس کو روک کر اس پر پتھراؤ کیا اور بعد میں اسے آگ لگا دی، جس سے بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور مشتعل ہجوم کو منتشر کرنیکی کوشش کی۔ تاہم، علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور حالات پر قابو پانے کیلئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی شناخت کے بعد اسکے لواحقین کو اطلاع دیدی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب، ٹریفک حادثے کے بعد بس کو جلانیکے واقعے پر بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی.علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ شاہراہوں پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور تیز رفتاری کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔