کوئٹہ، 2024میں کرائم کی شرح میں نمایاں اضافہ
2023 کی نسبت سے2024 صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام کیلئے کرائم کے لحاظ سے انتہائی درد ناک رہا ، جس میں سنگین جرائم کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ 2023 میں تقریبا 5300 سنگین جرائم کے ایف آئی آر درج ہوئے، جب کہ 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر تقریبا 6000 تک پہنچ گئی، جس میں 40 کے قریب مقدمات کا اخراج ہوا۔رپورٹس کے مطابق 6900 کے قریب افراد کو سنگین جرائم میں نامزد کیا گیا، جن میں سے 2900 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 1700 افراد ضمانت پر ہیں۔
قتل کے 122، اقدام قتل کے 204، اغوا کے 94 اور اغوا برائے تاوان کے 3 مقدمات درج ہوئے، جن میں مصور کیس بھی شامل تھا۔ اسی طرح گن پوائنٹ پر موٹر چھیننے کے 664 واقعات اور موٹر سائیکل و دیگر چوری کے 680 مقدمات درج کیے گئے۔اس کے علاوہ ناجائز اسلحہ رکھنے کے 631 کیسز اور انتہائی سنگین ڈکیتوں کے 42 مقدمات بھی درج ہوئے۔ حادثات کے 174 ایف آئی آرز بھی سامنے آئے۔ ذرائع کے مطابق، تقریبا 2500 مقدمات ابھی تک زیر تفتیش ہیں۔دسمبر 2024 کا مہینہ پورے سال کی نسبت سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوا، جب اس ماہ 640 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا غماز ہیں کہ کوئٹہ میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح عوامی تحفظ کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے۔