حب ریور پل سے بلوچستان اور سندھ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا،جام کمال

حب ریور پل سے بلوچستان اور سندھ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا،جام کمال

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حب ریور پل سے مال بردار ٹرکوں کی آمدورفت میں بہتری آئے گی۔ نئے پل سے بلوچستان اور سندھ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری عبد العلیم خان کے ہمراہ 2022 کے سیلاب میں بہہ جانے والے حب پل کی تعمیر نو کے افتتاح کے موقع پر کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ نیا حب ریور پل بلوچستان اور سندھ کے درمیان تجارتی راہداری کو مضبوط کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیا حب ریور پل 488 فٹ لمبا اور دو لائنوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے پل کی تعمیر سے بلوچستان کی صنعتوں کے لئے تجارتی مواقع بڑھیں گے، نیا پل کراچی سے حب اور کوئٹہ کے درمیان مال برداری کو آسان بنائے گا،حب ریور پل کے افتتاح سے علاقائی رابطوں میں بہتری آئے گی۔ جام کمال نے کہا کہ اس پل کی تعمیر وفاقی حکومت کی قومی شاہراہوں کو جدید بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پل 2022 کے سیلاب میں نقصان کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے تعمیر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر بلوچستان کی ترقی پر کام کر رہی ہیں۔ آئندہ چند ماہ میں مزید پلوں اور سڑکوں کے منصوبے مکمل ہوں گے،حب ریور پل کا منصوبہ علاقائی ترقی اور اقتصادی فروغ کے لئے اہم سنگ میل ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں