ڈالر سستا ہوگیا
کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید 8 پیسے سستا ہو گیا۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کے بعد کرنسی مارکیٹ میں روپیہ مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر مزید 8 پیسے سستا ہو گیا۔ ایک ڈالر کی قیمت 277 روپے 95 پیسے پر بند ہوئی۔ ٹریڈرز کے مطابق عرصہ دراز کے بعد ڈالر 278 روپے کے نفسیاتی بیریئر سے نیچے گرا ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں روپے کی قدر مزید مضبوط ہو گیا۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 14 پیسے کمی آئی۔ امریکی کرنسی کی قیمت 280 روپے 27 پیسے پر بند ہوئی۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار تیزی سے شروع ہوا لیکن جلد ہی سرمایہ کاروں نے ہفتے اور اتوار کی دو تعطیلات کے باعث رسک لینا مناسب نہ سمجھا۔ہنڈرڈ انڈیکس میں 137 پوائنٹس کی مندی رہی جس کے بعد انڈیکس 67,005 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ہفتے کا آخری کاروباری سیشن ہونے کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی رہی۔ مجموعی طور پر 31 کروڑ30 لاکھ حصص کی تجارت ہوئی۔جمعرات کو 42 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا تھا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے ٹریڈر ندیم الدین نے سنو نیوز کو بتایا مارکیٹ میں ٹیکنیکل کریکشن کی ضرورت تھی۔ مندی سے حصص کی قیمتیں پرکشش سطح پر آ گئی ہیں اور آئندہ ہفتے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہے گا۔حصص بازار میں ٹریڈرز نے 9 ارب 90 کروڑ روپے کا سرمایہ لگایا۔ گو کہ مارکیٹ میں مندی رہی لیکن اس کے باوجود سرمایہ کاروں نے 17 ارب روپے منافع کما لیا۔ مجموعی حصص کی مالیت 9 ہزار 447 ارب روپے پر بند ہوئی۔ایک روز قبل مارکیٹ کیپٹلائزیشن 9 ہزار 430 ارب روپے تھی۔ جمعہ کو مارکیٹ میں 343 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ مجموعی طور پر 136 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 118 میں کمی اور 19 میں استحکام رہا۔آج مارکیٹ میں ہوئیسٹ پاکستان کے حصص کی قیمت میں سب سے زیادہ 70 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 1300 روپے پر بند ہوئی۔ پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے شیئر کی قیمت 42 روپے 95 پیسے اضافےکے بعد 1122 روپے 95 پیسے ہو گئی۔سب سے زیادہ 15 روپے 50 پیسے کی کمی جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کی قیمت میں ہوئی جس کی قیمت 452 روپے ہو گئی۔ محمود ٹیکسٹائل ملز کے حصص کی قیمت 10 روپے 97 پیسے کم ہو کر 383 روپے 3 پیسے پر آ گئی۔