این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی پر قومی کانفرنس کا انعقاد

این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی پر قومی کانفرنس کا انعقاد

وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں غزہ اور لبنان کی جنگ زدہ عوام کے لیے فلاحی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے جمعہ کے روز این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)قومی کانفرنس منعقد کی گئی۔ منعقد کانفرنس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کی۔کانفرنس میں وفاقی سیکرٹریز، میڈیانمائندگان، این جی اوز اور بین الاقوامی این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔کانفرنس کا بنیادی مقصد غزہ اور لبنان میں امدادی سرگرمیوں کے لیے فلاحی شراکت داروں اور پاکستانی عوام کی جانب سے امدادی کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے فلسطین اور لبنان میں جاری جنگی صورتحال اور وہاں کی عوام کی ضروریات کے پیش نظر متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مصیبت میں گھرے لوگوں کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو بڑھانے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

احسن اقبال نے وزیر اعظم کی ہدایت پر”غزہ اور لبنان کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈ” کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ کے قیام کا اعلان کیاجس کے ذریعے عوام کی جانب سے عطیہ کی گئی امداد اکٹھی کی جائے گی تا کہ غزہ اور لبنان کے مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی امداد ہو سکے

چیئرمین این ڈی ایم اے نے اکتوبر 2023 سے اکتوبر 2024 تک غزہ اور لبنان کے لیے روانہ کی گئی امداد کے بارے میں کانفرنس کے شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان مختلف این جی اوز کے ساتھ مل کرتقریباً 1154 ٹن پر مشتمل 11 امدادی کھیپیں فلسطین اور اور لبنان کے لیے روانہ کر چکی ہے۔ امدادی سامان میں فلسطین کے لیے تقریباً 1,151 ٹن کی 10کھیپیں اور لبنان کے لیے ادویات کی ایک کھیپ شامل تھی، اس کے ساتھ ایک خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے لبنان سے 71 پاکستانیوں کو حفاظت کے ساتھ پاکستان واپس لایا گیا ہے۔ انہوں نے غزہ اور لبنان کے لیے ریلیف پلان سے بھی آگاہ کیا جس کے تحت فلسطین کے لیے کم از کم تین مزید امدادی کھیپیں بھیجی جا رہی ہیں اور امداد کی فراہمی کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

اجلاس کے شرکاء نے غزہ اور لبنان کی جنگ زدہ عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اپنی فلاحی کوششوں کو جاری رکھنے کے مکمل عزم کا اظہار کیااوروزراء اور شرکاء کی جانب سے این ڈی ایم اے،وزارت خارجہ، مسلح افواج اور فلاحی تنظیموں کی کوششوں کو سراہاگیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں