اپنی گولی سے زخمی ہونیوالے بولی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے اپنے چاہنے والوں کیلیے آڈیو پیغام جاری کر دیا ۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق انھوں نے جاری کردہ پیغام میں اپنے مداحوں کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے خیرت سے آگاہ کیا ہے۔ساٹھ سالہ اداکار کا کہنا ہے کہ انکے پُرستاروں، والدین اور انکے گرو کی دعاؤں نے انھیں بچا لیا ہے۔انکا کہنا ہے کہ مجھے گولی لگی تھی، لیکن اب اسے نکال لیا گیا ہے، میں ڈاکٹروں اور آپکی دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔واضح رہے کہ گووندا آج صبح تقریباً چار بج کر 45 منٹ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، وہ ایک شو کیلئے صبح چھ بجے کی فلائٹ سے کولکتہ کیلیے روانہ ہونیوالے تھے۔
اداکار شیوسینا کے رہنما ہیں اور حادثے کے وقت گھر پر اکیلے تھے۔انڈین میڈیا کے مطابق گووندا کے منیجر کا کہنا ہے کہ لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گری اور گولی چل گئی جس سے گووندا کی ٹانگ زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق سینئر اداکار نے واقعے سے متعلق کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے، واقعے کے بعد انہیں فوری طور پر گھر کے قریب ہسپتال لے جایا گیا جہاں کچھ دیر علاج کے بعد وہ واپس آ گئے۔انڈین میڈیا کے مطابق گووندا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔مداحوں نے واقعے پر تشویش کا اظھار کرتے ہوئے گووندا کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔