شہباز شریف کی عراقی وزیراعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید وسیع کرنے پر اتفاق

وزیراعظم کی عراقی وزیراعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید وسیع کرنے پر اتفاق

پرائم منسٹر شہباز شریف اور عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔پرائم منسٹر ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کی عراقی وزیراعظم سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے (79)ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات ہوئی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عراق اور پاکستان کے مابین مضبوط تعلقات کو خوش آئند قرار دیا، جنکی بنیاد تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی ہے۔اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے پاکستانی زائرین کیلئے ہر سال کئے جانیوالے انتظامات پر عراقی حکومت کو سراہا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا اور ملاقات میں باہمی طور پر تعاون کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے مابین موجود استعداد سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا،

دونوں رہنماؤں نے غزہ پر جاری اسرائیلی قتل عام، ظلم و جبر اور لاکھوں انسانی زندگیوں کی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پاکستان کیجانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور غزہ کی نسل کشی کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسائل پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی بہن بھائیوں کو انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز کرنے پر زور دیا۔واضح رہے کہ وزیرِ اعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلیے امریکا میں موجود ہیں، جہاں وہ آج شام خطاب کرینگے.

مزید تفصیلات کے مطابق پچھلے روز وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی تھی اور دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کیلئے آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں