بارشوں کے باعث حب ڈیم بھر گیا
حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم تقریباً بھر چکا ہے جب کہ کینجھرجھیل میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ایکسین ایریگیشن حب ڈیم کے مطابق ڈیم میں ذخیرہ آب چھ لاکھ 35 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ایکسین ایریگیشن حب ڈیم کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح 3 سو 39 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حب ندی کے کنارے آباد لوگوں کا انخلا کروالیا گیا ہے۔ ڈیم کے اسپیل وے سے پانی کا اخراج ابھی شروع نہیں ہوا۔حب ڈیم میں کراچی اور حب کے شہریوں کیلئے ڈھائی سال تک کا پانی ذخیرہ ہوچکا ہے۔دوسری جانب ٹھٹہ کی کینجھر جھیل میں پانی کی سطح 49 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق کینجھر جھیل کی انتہائی سطح پچپن فٹ ہے۔کراچی کو اس جھیل سے بارہ سو کیوسک پانی یومیہ فراہم کیا جاتا ہے۔