مذہبی جماعتوں کا احتجاج، جڑواں شہروں کے راستے بند، ریڈزون سیل،اسکولوں کی چھٹی
مبارک ثانی کیس کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ کے سامنے آج مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے اپیل کی وجہ سے جڑواں شہروں کے راستے بند کرکے ریڈزون کو سیل کردیا گیا اور اسکولوں کی چھٹی کردی گئی۔رات گئے سے موٹر وے سمیت جڑواں شہروں کے راستے بند کرکے آج اسکولوں کو بھی چھٹی دے دی گئی ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے بھی جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ترنول جلسے کے حوالے سے اجازت نامہ اچانک منسوخ کردیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ہر صورت جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔آج رات ہی سے موٹر وے سمیت اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب جانیوالے تمام راستے کنٹینر اور دوسری رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیے گئے ہیں جبکہ اسکولوں کے لیے بھی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔راستے بند ہونے سے علی الصبح ہی سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کئی مقامات پر راستہ نہ ملنے کے سبب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جلسے اور سیاسی قافلوں کے پیش نظر ریڈ زون کو سیل کردیا گیا ہے اور سرکاری و نجی اسکولوں کیلئے آج بائیس اگست کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ راولپنڈی انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ راولپنڈی میں پاک بنگلا ٹیسٹ سیریز کی وجہ سے مہمان ٹیم موجود ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے بھی گزشتہ روز صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی تھی، جس کے تحت جلسوں، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
اس3 روزہ پابندی کا اطلاق آج بائیس اگست سے شروع ہوگیا۔دوسری جانب ترجمان ایجوکیشن بورڈ کے مطابق میٹرک ضمنی امتحانات کے جاری پرچے معمول مطابق ہونگے۔ آج جمعرات بائیس اگست کا پرچہ بھی معمول مطابق ہوگا۔ میٹرک ضمنی امتحانات کے راولپنڈی میں صرف چھ امتحانی مراکز ہیں۔ علاوہ ازیں آج جمعرات بائیس اگست کو میٹرو سروس بھی معطل کردی گئی ہے اور بس اسٹیشنز کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی پولیس نے مرکزی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ جی ٹی روڈ پر سواں کے قریب بھی کنٹینرز کھڑے کرکے شاہراہ کو دونوں جانب سے بلاک کردیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکستھ روڈ پر بھی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں اور فیض آباد کی جانب کسی کو آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔