ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 35 افراد جاں بحق

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 35 افراد جاں بحق

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آگیا، جسکے نتیجے میں 35 زائرین جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ایران کے میڈیا کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ ایرانی شہر یزد میں بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جہاں زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جسکے بعد بس میں آگ لگ گئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ہیں، حادثے کا شکار بس میں 53 زائرین سوار تھے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا جب کہ حادثے کے بعد یزد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ سے 1سو 10 زائرین کا قافلہ دو بسوں میں ایران روانہ ہوا تھا، قافلے کی ایک بس گوادر ایران سرحدی علاقے رمدان میں موجود ہے، جو ایرانی شہر یزد میں حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت بس سے چند گھنٹوں کی مسافت پر ہے۔پاکستانی زائرین کی بس کو ایران میں پیش آنیوالے حادثے میں کندھ کوٹ کے1 ہی خاندان کے 6 افراد سوار تھے، جن میں تین خواتین بھی شامل تھیں۔متاثرہ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہماری فیملی کا کچھ پتہ نہیں لگ رہا، رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایران میں لاڑکانہ کے زائرین کی بس کو حادثے کے بعد تہران میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے تین سفارت کار یزد روانہ ہوگئے جب کہ طویل فاصلے کی وجہ سے سفارت کار شام پانچ بجے تک یزد پہنچینگے.تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو خود صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، اس حوالے سے پاکستانی سفیر کا یزد کے میئر سے بھی رابطہ ہوا۔افسوسناک حادثے پر مدثر ٹیپو نے ایرانی حکومت سے بھی رابطہ کیا، جس میں حادثے کے بعد کی صورتحال پر بات چیت بھی کی گئی۔

وزیراعظم کا اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے لاڑکانہ سے ایران جانے والی پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے میں درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا جبکہ انہوں نے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

صدر مملکت کا اظہار افسوس
صدر مملکت نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لیے دعا مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔صدر آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کے المناک حادثے پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے
قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر آصف زرداری نے وزارت خارجہ کو میتوں کو پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد پہنچانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس
پنجاب کے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاڑکانہ سے ایران جانے والی پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے میں درجنوں زائرین کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا جبکہ انہوں نے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہارکیا .چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے  تعزیت کی .زائرین کی بس ہو پیش آنے والے حادثے کا سن کر بہت دکھ ہوا ۔اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کی دعا کی .اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا گو ہوں ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں