پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت،اسلام آبادہائیکورٹ سےبڑاحکم آگیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں جلسے کا مقام تبدیل کرنیکی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے عامر مغل کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں پچھلےچھ ماہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جارہی ۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ابھی انھوں نے آپ کو کہاں جلسے کی اجازت دی ہے؟؟۔وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ انھوں نے جہاں اجازت دی ہے
وہاں پانچ ہزار لوگ بھی نہیں آسکتے ،سر ہمیں ایف 9 پارک، پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑ پر جگہ دے دیں۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ایف نائن(9) پارک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایک تو پارک رہ گیا ہے، پارکس کا کیا قصور؟،ایڈووکیٹ جنرل نے انتظامیہ کی جانب سے بائیس اگست کو ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔دوران سماعت وکیل شعیب شاہین کی جانب سے جلسے کا مقام تبدیل کرنے پر زور دیا گیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ شعیب صاحب عدالت جلسے کے مقام سے متعلق آرڈر پاس نہیں کرسکتی ، یہ انتظامیہ کا کام ہے، آپ اپنی تقریر تیار کریں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کی جانب سے ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔