وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچرز کے زیر اہتمام 9ویں شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے اور ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لیے سنجیدہ کاوشیں کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور کراچی میں ہونے والی حالیہ کانفرنس میں 70ممالک کے 800سے زائدانوسٹرز اور کمپنیوں کی شرکت اس کا منہ بولتا ثبوت ہے،وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مقابلے کی فضاء،عالمی میعار اور جدید رحجانات کو سامنے رکھتے ہوئے ہماری کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ دیگر ممالک کے لیے اپنے برانڈز احسن اندا ز میں مارکیٹ کریں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں اور چینی اداروں کی دو طرفہ شراکت اور باہمی سرمایہ کاری کا آغاز ہو چکا ہے،لیدر انڈسٹری،فٹ ویئر اور سپورٹس گڈز کی ایکسپورٹ کا خاطر خواہ سکوپ موجود ہے جس کے لیے بورڈ آف انوسٹمنٹ ہر طرح کی سہولت کاری سر انجام دے گا،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان مختلف مصنوعات میں ایک دوسرے کے لیے بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں اور وزارت تجارت وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو مکمل مدد فراہم کر رہی ہے،وفاقی وزرا عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے 9ویں فٹ وئیر شو میں رکھی گئی مصنوعات کا معائنہ کیا اور پاکستانی کمپنیوں کے میعار کو سراہا جہاں 25 نمایاں پاکستانی و چینی کمپنیوں نے شرکت کی۔بعد ازاں وفاقی وزرا جام کمال خان اور عبدالعلیم خان نے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین بی ٹو بی اجلاس میں شرکت کی جہاں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں گزشتہ ماہ کا دورہ چین انتہائی سود مند رہا ہے اور چین میں پاکستانی سفارت خانے میں کمرشل اور ٹریڈ افسران کی تعداد بڑھا کر 20کر دی گئی ہے تاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جا سکے انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں چینی کمپنیوں کی دلچسپی اور موجودگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی آنے والے دنوں میں چین اور پاکستان کے مابین تجارت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہو گی۔میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری احسن انداز میں آگے بڑھ رہی ہے،6کمپنیاں شارٹ لسٹ ہوئی ہیں اور یکم اکتوبر کی تاریخ طے ہے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے سالانہ 100ارب کے خسارے سے نجات ملے گی اور شہریوں کو بین الاقوامی میعار کی حامل ائیر لائن حاصل ہو گی،وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ خسارے میں چلنے والے تمام سرکاری اداروں کی نجکاری کرنا ہو گی،وزیراعظم کا ویژن ہے کہ کاروبار کرنا حکومت نہیں نجی اداروں کا کام ہے،وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے انرجی کے بحران سے نمٹنا ہو گا اسی طرح بزنس کے اجراء میں آسانی اور ایف بی آر سے متعلقہ مسائل حل کرنا ہو ں گے انہوں نے کہا کہ معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں اورخاص طور پر 70سے زائد ممالک کے 800اداروں کی پاکستان آمد حوصلہ افزا ہے۔