وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے خیبر پختونخوا میں تین مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی گئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے مہمند، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرِ ستان میں بہادری سے لڑتے ہوئے 5 خارجی دھشتگردوں کو جہنم واصل کیا،انہوں نے مہمند میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے صوابی سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل ابرار حسین کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہید کے بلندیِ درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن نے یہ ثابت کیا کہ دہشتگرد وطن کے دفاع کیلئے پر عزم افسران و جوانوں سے بچ نہیں سکتے،دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل طور پر خاتمے تک پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے دفاعِ وطن کیلئے غیر متزلزل عزم پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔