گوادر میں مشتعل پرتشدد ہجوم کے حملے میں فوجی جوان شہید، 16 زخمی
بلوچستان میں نام نہاد بلوچ راجی موچی کی آڑ میں مشتعل ہجوم نے سیکیورٹی پر مامور فوجی جوانوں پر حملہ کر کے ایک سپاہی کو شہید 16 کو شدید زخمی کر دیا ہے۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 جولائی 2024کو نام نہاد بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد مشتعل ہجوم نے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فرائض پر مامور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 30 سالہ سپاہی شبیر بلوچ ساکن ضلع سبی شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق اس کے علاوہ پرتشدد مظاہرین کی جانب سے بلا اشتعال حملوں کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 16 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہے کہ سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف جعلی اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پروپیگنڈا کرنے والوں کی جانب سے مسخ شدہ تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو مشتعل کیا جا رہا ہے اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کر کے انہیں پرتشدد مارچ پر اکسایا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود غیر ضروری شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لیے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس طرح کے جعلی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، پرسکون اور پرامن رہیں اور عوامی تحفظ اور نظم و نسق کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔