حکومت کا تحریک انصاف پرپابندی لگانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ نو مئی کو ملکی دفاع پر حملے کئے گئے، عمران خان کا خاندان نو مئی واقعات میں ملوث تھا،عمران خان کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہاﺅس کے باہر موجود تھیں، قوم کو کہا جا رہا تھا کہ انقلاب برپا ہونے لگا ہے فوری اپنی اپنی لوکیشنز پر پہنچیں۔انکا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، انہوں نے ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا، ملک نے اگر ترقی کرنی ہے تو پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ دہشتگردوں کو لا کر پناہ گاہیں دے رہے تھے کہ یہ ملکی سالمیت میں کردار ادا کرینگے، دوسری طرف انہوں نے جی ایچ کیو اور کورکمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا، انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کو ختم کیا۔عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت نے چار بڑے فیصلے کئے ہیں، آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی، آپ نے سائفر کے ساتھ جو کیا آپ نے ملک دشمن قوتوں کو تقویت دی، یہ اربوں روپے آپ کے پاس آتے کہاں سے ہیں ؟ آنے والے دنوں میں اس سارے عمل کو مکمل کیاجائیگا. حکومت نے بانی پی ٹی آئی، عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد آرٹیکل 6 کا ریفرنس سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عارف علوی، قاسم سوری اور تحریک انصاف کے بانی کے خلاف آرٹیکل 6 کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔عطا تارڑ نے کہا کہ اسمبلی توڑنا آئین کی خلاف ورزی ہے اور سپریم کورٹ کا حکم آرٹیکل 6 پر مبنی ہے، ہمارا کام پوری تیاری کے ساتھ ریفرنس دائر کرنا ہے، کوئی کوتاہی نہیں ہوگی، حکومت نے کسی کے خلاف غیر قانونی مقدمہ درج نہیں کیا۔ .وزیراطلاعات نے کہا کہ بعض لابیاں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، حکومت نے ان لابیوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، قانون کے مطابق پاسپورٹ اور شناختی کارڈز ضرورت پڑنے پر بلاک کیے جائیں۔ امریکی قرارداد کے پیچھے بھی یہی لابی کارفرما تھی۔انہوں نے کہا کہ اب چیئرمین نیب کو ٹارگٹ کر کے مہم چلائی جا رہی ہے، اب نیب پر توشہ خانہ کیسز سے دستبرداری کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کہتے ہیں خان نہیں تو پاکستان نہیں ہے۔ ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ بنی پی ٹی آئی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کارروائیاں کی جائیں گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں