مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو دنیا سے بچھڑے 8 برس بیت گئے

مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو دنیا سے بچھڑے 8 برس بیت گئے

شفقت، محبت اور رحم دلی کا پیکر مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو آج ہم سے بچھڑے آٹھ سال بیت گئے ہیں۔عبدالستار ایدھی 28ء فروری 1928ء کو انڈیا کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد 1947ء میں اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آکر کراچی میں سکونت اختیار کی، ایدھی صاحب نے اپنی خدمات کا آغاز 1951ء میں ایک ڈسپنسری کے ذریعے کیا پھر ایدھی ٹرسٹ قائم کیا اور اپنی زندگی کے 65 برس دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارے۔عبدالستار ایدھی نے بلا تفریق اپنے ہم وطنوں کی بے لوث خدمت کی

اور اپنی پوری زندگی اس کام کیلئے وقف کردی، وہ ایک ایسا ادارہ چھوڑ گئے جو ان کے بعد بھی انسانیت کی فلاح کیلئے کام کر رہا ہے، عبدالستار ایدھی کے اہل خانہ اور ایدھی فاؤنڈیشن کے کارکنان ان کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں

۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ملک کے کونے کونے میں ایدھی ٹرسٹ کے کلینک، پناہ گاہیں، بزرگوں اور عورتوں کیلئے گھر اور ایسے ہی بے شمار منصوبے چل رہے ہیں، عبدالستار ایدھی کو حکومت پاکستان نے انیس سو نواسی میں اعلیٰ ترین سول ایوارڈز میں سے ایک نشانِ امتیاز سے نوازا، گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی ان کا نام دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس چلانے کے باعث شامل ہے۔عبدالستار ایدھی آٹھ جولائی 2016ء کو کراچی میں گردوں کے عارضے میں مبتلا ہو کر 88 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے، انکی خدمات کے اعتراف میں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا، ایدھی صاحب تو آج ہم میں نہیں مگر ان کی انسانیت کیلئے خدمات بھلائی نہیں جاسکتیں۔

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کا عبدالستار ایدھی کی برسی پر خراجِ عقیدت
عبدالستار ایدھی کی پاکستان اور انسانیت کیلئے بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،عبدالستار ایدھی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی انسان دوست شخصیت تھے، عبدالستار ایدھی نے سماجی خدمات کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ، تفصیلات کے مطابق ایدھی نے نسل، مذہب، سماجی حیثیت سمیت تمام تفرقات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی ،عبدالستار ایدھی نے بے لوث لگن سے ملک بھر میں ہسپتالوں، یتیم خانے، پناہ گاہوں اور بحالی کے مراکز کی بنیاد رکھی ، اللہ تعالیٰ عبدالستار ایدھی کی مغفرت فرمائے ، ان کے درجات بلند فرمائے،

Author

اپنا تبصرہ لکھیں