بیلاروس کے صدراکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرینگے
بیلا روس کے صدر وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے لیے پاکستان کا دورہ کرینگے۔تفصیلات کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو شہباز شریف کیساتھ مفاھمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے کیلئے اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرینگے.یہ اعلان بیلاروس کے خارجہ امور کے فرسٹ ڈپٹی منسٹر سرجئی لوکاشیوچ نے جام کمال سے ملاقات کے دوران کیا۔لوکاشیوچ نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے ستمبر کے وسط میں مشترکہ تجارتی کمیشن کے اجلاس کا اعلان کیا.
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے ٹریکٹر مینوفیکچرنگ اور زرعی مشینری میں بیلاروس کی ترقی کو سراہا۔انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری برادری کے اندر اعتماد پیدا کرنے کیلئے پرائم منسٹر شہباز شریف کے نئے انداز کو اجاگر کیا، لوکاشیوچ نے بتایا کہ جولائی میں 35 پاکستانی تاجر خوراک اور زراعت کی نمائش کے لیے بیلاروس کا دورہ کرینگے .وفاقی وزیر تجارت نے سروس ٹائر کمپنی کی چین سے پاکستان منتقلی کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے مواقع پر زور دیا۔
مزید برآں، ملائیشیا اور خلیجی ممالک نے بالترتیب پاکستان کی حلال جیلیٹن اور گوشت کی صنعتوں میں دل چسپی ظاہر کی ہے۔ جام کمال کے مطابق ایک چینی الیکٹرک گاڑیاں ای وی ایس بنانے والی کمپنی مقامی پاور کمپنی کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے جا رہی ہے۔انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں موبائل فون مینوفیکچررز اور فوڈ انڈسٹریز کی بڑھتی ہوئی دل چسپی کا بھی ذکر کیا۔ جام کمال نے کہا یہ ملاقات پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کے خواہاں ہیں۔