یوم تکبیر آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، پاک فوج کا قوم کو مبارکباد
پاک فوج نے82ویں یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کے ایٹمی تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد مناتا ہے جسکی وجہ سے خطے میں طاقت کا توازن بحال ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یوم تکبیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج نے قوم کو ’’یوم تکبیر‘‘ کی 26ویں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم موقع 1998 میں پاکستان کے جوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے،
جس نے کامیابی سے کم از کم ڈیٹرنس قائم کیا اور خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج اور قوم ان تمام لوگوں کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اس شاندار کارنامے میں اپنا حصہ ڈالا،
اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور حکام قوم اور اس کی مسلح افواج کے شکر گزار اور تعریف کے مستحق ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے اس اہم دن پر پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے دفاع، اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور ملکی سلامتی کو ہر حال میں اور کسی بھی قیمت پر یقینی بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔