سینئر اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے
کراچی (ویب ڈیسک)معروف ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار طلعت حسین 83 برس کی عمر میں اس دنیا سے کوچ کر گئے۔کافی عرصے سے علالت کے باعث اداکار طلعت حسین کراچی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے، مرحوم کے سوگواروں میں دو بیٹیاں اور 1 بیٹا شامل ہیں۔ اداکارہ تزئین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں طلعت حسین یعنی اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔تزئین حسین نے کہا کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ سمیت دیگر تفصیلات سے کچھ دیر بعد آگاہ کردیا جائیگاطلعت حسین ٹیلی ویژن ،ریڈیو، اور سنیما میں اپنے بہترین کریئر کی وجہ سے جانے جاتے تھے وہ 1940میں انڈیا کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے،
انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ، صداکاری، آرٹ، اداکاری اور فن کو دیا۔انہوں نے 1970 سے پہلے کم عمری میں ہی اداکاری شروع کردی تھی. 1970 کے بعدانکا نام مشہوراور معروف فنکاروں کی فہرست میں شامل ہوچکا تھا۔طلعت حسین نے لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹ سے اپنی تعلیم مکمل کی ،
انہیں 1982 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ اور دوہزار21 میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔انہیں دوہزار 6 میں نارویجن فلم ‘امپورٹ ایکسپورٹ’ میں بہترین معاون اداکار کیلئے اماندرا ایوارڈ اور فلم ‘مس بینکاک’ میں بہترین معاون اداکار کیلئے 1986 میں نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔رواں برس طلعت حسین زائد العمری سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث شدید علیل ہوگئے تھے اور اہل خانہ نے بتایا تھا کہ انکی ذہنی حالت بھی بگڑ چکی ہے،فیصل قریشی اور انکی اہلیہ ثنا قریشی نے بتایا تھا کہ اداکار طلعت حسین ڈیمینشیا کا شکار ہیں۔پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ تمام تر اداکارہ اور ادکاروں نے طلعت حسین کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔