ایف بی آر ریونیو کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام
ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں اپنے ریونیو کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ایف بی آر کا ریونیو شارٹ فال 48 ارب روپے رہا، کیونکہ اس نے 7414 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 7366 ارب روپے اکٹھے کئے۔ اپریل 2024 میں ٹیکس کا ہدف 707 ارب روپے تھا لیکن ایف بی آر صرف 654 ارب روپے اکٹھا کر سکا جس کے نتیجے میں 53 ارب روپے کا ریونیو شارٹ فال رہا۔ بدقسمتی سے ایف بی آر رواں ماہ 100 ارب روپے تک ریونیو شارٹ فال سے خوفزدہ ہے۔
اگرچہ ایف بی آر نے جولائی سے مارچ تک ہدف کے مطابق ٹیکس ریونیو اکٹھا کیا ہے لیکن اپریل سے جون کے دوران اسے محصولات کی وصولی میں کمی کا خدشہ ہے۔ رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر کا مجموعی ریونیو ہدف 9415 ارب روپے ہے اور ایف بی آر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کے باعث یہ کم ہو رہا ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے دوران اب بھی 91 ارب روپے سے زائد ٹیکس ریونیو اکٹھا کر سکتا ہے۔