پاکستان اور یو اے ای میں پری امیگریشن کلیئرنس پر اتفاق
پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مسافروں کی سہولت کے لیے پری امیگریشن کلیئرنس کے نظام پر اتفاق کر لیا ہے، جس کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور دیگر ضروری کلیئرنس پاکستان ہی میں مکمل کی جائے گی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے وفد نے، جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل کسٹمز و پورٹ سیکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کر رہے تھے، ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک۔یو اے ای تعلقات، باہمی تعاون اور امیگریشن عمل کو مزید آسان بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس سے متعلق باضابطہ معاہدہ کیا جائے گا، جبکہ اس نظام کا آغاز ابتدائی طور پر پائلٹ منصوبے کے طور پر کراچی سے کیا جائے گا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس نظام کے تحت مسافروں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے پر طویل امیگریشن کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ وہ ڈومیسٹک مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ سفر کا مجموعی تجربہ بھی بہتر ہوگا۔
یو اے ای وفد نے اس منصوبے کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ حکام کے مطابق پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس نظام کو مرحلہ وار دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔